نئی دہلی،2اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا): دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار علیحدگی پسند لیڈر شبیر شاہ کو ایک دن کے لئے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)کے ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔گزشتہ 26جولائی کو عدالت نے سات دن کے لئے ای ڈی کے ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔گزشتہ دو جولائی کو کورٹ نے شبیر شاہ خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔شبیر شاہ کے خلاف دہشت گردی فنڈنگ کے لئے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ای ڈی کی عرضی پر ایڈیشنل سیشن کورٹ سدھارتھ شرما نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔ای ڈی نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ شبیر شاہ تحقیقات کے لئے طلب کئے جانے کے باوجود مسلسل اس کو نظر انداز کرتا رہا ہے۔خصوصی پبلک پراسیکیوٹر این ماٹا نے کورٹ کو بتایا کہ یہ معاملہ 2005کا ہے جب دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے محمد اسلم وانی نامی ایک حوالہ کاروباری کو گرفتار کیا تھا۔وانی کے پاس سے 63لاکھ روپے اور بڑی تعداد میں ہتھیار برآمد کئے گئے تھے۔ان پیسوں میں سے پچاس لاکھ روپے شبیر شاہ کو پہنچانے تھے جبکہ دس لاکھ روپے جیش محمد کے علاقائی کمانڈر ابوبکر کو دینے تھے اور باقی پیسے اس کمیشن کے تھے۔وانی نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس نے سوا دو کروڑ روپے شبیر شاہ کو پہنچائے تھے،جس کے بعد ای ڈی نے وانی اور شبیر شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس درج کیا۔